تہران(روشن پاکستان نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی وارننگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں انتہائی سخت جواب دے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے اقدام اٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری تنصیبات کی تعمیر جاری رہنے کی صورت میں اس کے انتہائی سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کی ایران پر قیامت برپا کرنے کی دھمکی
فلوریڈا میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران دوبارہ جوہری ڈھانچے کی تعمیر کی کوششوں میں مصروف ہے، اور اگر یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو امریکا فوری حملوں کی حمایت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے جوہری پروگرام کی بحالی کی صورت میں اسے تباہ کرنا ناگزیر ہو جائے گا۔صدر ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کو کسی معاہدے پر آ جانا چاہیے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات معاملات مطلوبہ انداز میں آگے نہیں بڑھ پاتے۔











