راولپنڈی(عرفان حیدر) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو سرسبز، شاداب اور خوبصورت بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ایم ڈی ایچ اے راولپنڈی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ہارٹیکلچر ایجنسی اپنی لیاقت باغ نرسری میں مختلف اقسام کے پھولوں اور پودوں کی افزائش، پیداوار اور نگہداشت کے عمل کو یقینی بنا رہی ہے۔
ہارٹیکلچر ایجنسی کی جانب سے نرسریز میں روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ نسل کے پودے اور پھول تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں سایہ دار درخت اور دیگر آرائشی پودے شامل ہیں۔ یہ پودے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ سرسبز ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
نرسریز میں تیار شدہ پودے راولپنڈی کے مختلف علاقوں، پارکس اور گرین بیلٹس میں لگائے جا رہے ہیں، جس سے شہر کا حسن نکھر رہا ہے اور پودوں کی دستیابی میں خود کفالت کو فروغ مل رہا ہے۔
اس موقع پر احمد حسن رانجھا کا کہنا تھا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی کے ورکرز نرسریز میں پھولوں اور پودوں کی نگہداشت اور افزائش کا عمل نہایت مہارت سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی ضروریات نرسریز سے پوری کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو سرسبز بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ سرد موسم کی آمد کے پیش نظر پودوں اور پھولوں کی حفاظت کے خصوصی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔











