اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ آج رات مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔ 31 دسمبر کو بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ یہ موسمی سلسلہ 2 جنوری تک برقرار رہ سکتا ہے۔
اس دوران ناران، کاغان، سوات، دیر، کوہستان، مری اور گلیات میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا
اس کے علاوہ سکردو اور ہنزہ میں بھی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں وسطی اور جنوبی پنجاب میں دھند کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔











