اتوار,  28 دسمبر 2025ء
سعودی عرب سے مزید ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن کو بے دخل کردیا گیا

ریاض(روشن پاکستان نیوز) ایک ہفتے کے دوران سعودی عرب میں اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی مزید 18 ہزار877 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ مزید 13 ہزار 241 غیرقانونی تارکین وطن کو بے دخل کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق 18 سے 24 دسمبر کے درمیان مجموعی طور پر 11 ہزار 991 افراد کو اقامہ قانون، 3 ہزار808 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 3 ہزار 78 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ۔

غیرقانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار312 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، ان میں سے 55 فیصد ایتھوپین، 44 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے زیرِ اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی منائی گئی

علاوہ ازیں 46 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 14 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔اس دوران 13 ہزار 241 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔

واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

مزید خبریں