اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ اسلام آباد کی صدر سلمیٰ برکات کی رہائشگاہ پر عالم اسلام کی پہلی وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق شریک چیئر پرسن بینظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقادکیا گیا،برسی کی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماؤں اور کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تقریب کے شرکاء نے شہید بی بی کی ملک اور قوم کیلئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا،شرکاء کا یہ کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو محض ایک سیاسی رہنما نہیں تھیں بلکہ سیاسی تدبر، جراَت اور مزاحمت کی ایک لازوال علامت تھیں، بینظیر بھٹو پاکستان کی تاریخ کی ایک درخشاں اور باوقار شخصیت تھیں،وہ نہ صرف مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم تھیں بلکہ جمہوریت، عوامی حقوق اور خواتین کی نمائندگی کی علامت بھی بنیں،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان میں جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں دیں، ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا دراصل جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کو سلام پیش کرنا ہے،بینظیر بھٹو نے آمریت کے اندھیروں میں جمہوریت کی شمع روشن رکھی، جلاوطنی، قید و بند اور ذاتی قربانیوں کے باوجود انہوں نے آئین، پارلیمان اور عوام کے حقِ حکمرانی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، ان کے دورِ حکومت میں صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے منصوبوں پر توجہ دی گئی، جبکہ خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی گئی،خارجہ پالیسی میں انہوں نے پاکستان کا معتدل اور ذمہ دار چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا، اور سفارتی سطح پر ملک کی ساکھ بہتر بنانے کی کوشش کی، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور سیاسی عمل میں خواتین کی شمولیت ان کی نمایاں ترجیحات میں شامل تھیں،بینظیر بھٹو کی شہادت نے قوم کو سوگ میں مبتلا کیا، مگر ان کی سوچ، جدوجہد اور قربانی آج بھی رہنمائی کا سرچشمہ ہے،انکی شخصیت اس بات کی یاد دہانی کراتی ہے کہ قیادت صرف اقتدار کا نام نہیں، بلکہ عوام کے لیے قربانی، اصول پسندی اور جرات کا تقاضا کرتی ہے،ہم بینظیر بھٹو کو ان کی بے مثال خدمات، جمہوریت سے وابستگی اور قوم کے لیے دی گئی قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔











