اتوار,  28 دسمبر 2025ء
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے زیرِ اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی منائی گئی

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں مقررین اور شرکاء نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قومی، جمہوری اور عوامی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے صدر اعجاز رحیم، صدر پیپلز پارٹی ریاض ریجن احسن عباسی اور پی وائی او گلف کے صدر احتشام جاوید کوہلی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید پاکستان میں جمہوریت کی مضبوط علامت تھیں۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کے مطابق اپنے دورِ حکومت میں عام آدمی کی بہتری، معاشی استحکام اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے نائب صدر وسیم ساجد، جنرل سیکرٹری سردار رزاق، نائب صدر گلف مشتاق بلوچ، قریب اللہ خان اور الیاس رحیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن آج بھی زندہ ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اسے پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے استحکام اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

تقریب سے وقار نسیم وامق، عدنان اقبال بٹ، محمودالحق ڈوگر، سردار نصیر، جنید اشرف، کاشف جاوید، کامران حسانی اور عابد نقیب سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سیاسی بصیرت، عوامی خدمات اور جمہوری جدوجہد کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں