لاہور(روشن پاکستان نیوز) نیو ائیر نائٹ کیلئے سخت سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا، خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔
نیو ائیر نائٹ سے متعلق پنجاب پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی پلان مکمل کر لیا، آئی جی پنجاب عثمان انور نے نیو ائیر نائٹ پر لاہور سمیت صوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ صرف لاہور میں پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں سے سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، آئی جی پنجاب نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی، ہلڑ بازی، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے والے شرپسند عناصر حوالات میں بند کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: عمران خان، اسٹیبلشمنٹ اور سیاست کی نئی کروٹ
آئی جی پنجاب عثمان انور نے نیو ائیر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس، پی ایچ پی ٹیموں کو سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور سمیت تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔











