ڈنمارک(روشن پاکستان نیوز) پاکستانی سفارت خانہ ڈنمارک میں مسیحی کمیونٹی کے اعزاز میں کرسمس کیک کٹنگ کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز دعا سے کیا گیا، جس کے بعد ایک مسیحی گیت اور ایک ملی نغمہ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر برائے ڈنمارک، شعیب سرور نے مسیحی کمیونٹی کو سفارت خانے میں خوش آمدید کہا اور اپنے خطاب میں کہا کہ “یہ سفارت خانہ آپ کا اپنا گھر ہے۔” انہوں نے تحریکِ پاکستان سے لے کر آج تک پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “مسیحی قوم کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔”
مسیحی کمیونٹی کے رہنما نواز سلامت نے سفیر شعیب سرور کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک شیلڈ پیش کی، جبکہ اپنے والد کی تصنیف “تحریکِ پاکستان کے گمنام کردار” بطور تحفہ پیش کی۔
تقریب میں مسیحی کمیونٹی کے دیگر رہنماؤں جن میں نا صر وائیٹ ،گلریز غوری، ندیم مسیح، ملک ذیشان ، ڈاکٹر نقاش اور سلیمان چوہدری نے شرکت کی۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے سفارت خانے کے اس اقدام کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قابلِ تحسین قرار دیا۔اس خوبصورت تقریب کی میزبانی حنا نواز نے کی۔











