هفته,  27 دسمبر 2025ء
پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بھارت کی جانب سےکھیلنے اور بھارتی جھنڈا لہرانے پر پاکستانی کھلاڑی پر پابندی لگادی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کبڈی فیڈریشن نے بھارت کی جانب سےکھیلنے  اور  بھارتی جھنڈا  لہرانے  پر پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ  راجپوت  پر  پابندی لگادی۔

لاہورمیں  پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل کا اجلاس  چیئرمین  پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری  شافع  حسین کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے  عبید اللہ راجپوت پر پابندی لگانے کی منظوری دی۔

چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین کا کہنا ہےکہ  عبید اللہ راجپوت کو پابندی کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا، عبید اللہ  راجپوت کا کیس ڈسپلنری کمیٹی کے سپردکیا گیا تھا۔

 چوہدری شافع حسین کا کہنا ہےکہ کسی کھلاڑی کو  بغیر این او سی کے باہرکھیلنےکی اجازت نہیں ہوگی۔

خیال رہےکہ گزشتہ دنوں  بحرین میں  ہونے والے ٹورنامنٹ میں  پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی جانب سےکھیلنے،  بھارت کی جرسی  پہننے اور میدان میں بھارتی جھنڈا لہرانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔میچ کے بعد عبید اللہ راجپوت نے بھارتی جھنڈا تھامے گراؤنڈ کا چکر بھی لگایا تھا۔

اس حوالےسے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری  رانا سرور کا کہنا تھا کہ  بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی، پاکستان کی یہ قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی اس کی اجازت طلب کی گئی، نہ ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا گیا،  یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس میں پاکستان کا نام استعمال کیا گیا، ایونٹ میں شرکت کے لیے نہ حکومت سے اجازت لی گئی اور نہ ہی فیڈریشن کو بتایا گیا ۔

رانا سرور کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی جانب سےکھیلنا اور جھنڈا لہرانا ناقابل برداشت ہے، خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لیں گے، کسی صورت میں پاکستان کا نام بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کلبوں میں کئی ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہیں ، غیر ملکی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا افسوسناک ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد

دوسری جانب ایک بیان میں عبیداللہ راجپوت نے کہا کہ ہرسال یہ ٹورنامنٹ بحرین میں ہوتا ہے، پہلے بھی اس کپ میں شرکت کرچکاہوں، پہلے جس ٹیم سے کھیلا تھا انہوں نے اس بار مجھے نہیں بلایا، دوسری ٹیم نےبلایا تو وہاں چلاگیا، حلفاََکہتاہوں مجھے پتا نہیں تھا کہ ٹیموں کا نام انڈیا اور پاکستان رکھا جائےگا، گراؤنڈ میں داخل ہو رہا تھا تو دوستوں نے کہا کہ آپ انڈیا کی طرف سے کھیل رہے ہو، کمنٹیٹر کو کہاکہ وہ اعلان کرکے کہے کہ یہ انڈیا پاکستان کا میچ نہیں ہے بلکہ لوکل کپ ہے۔

عبیداللہ راجپوت کا کہنا تھا کہ وہاں جا کر انڈیا پاکستان کے نعرے لگے، میرے ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ نعرے لگیں گے اور جھنڈے لہرائے جائیں گے، یہ صرف ایک کپ ہے، ورلڈکپ نہیں تھا اور نہ ایسے ورلڈکپ ہوتا ہے، اگر  ورلڈکپ ہوتا تو میں ضرور پاکستان سے کھیلتا،  میں پاکستانی ہوں، پاکستان پر جان بھی قربان ہے، کچھ لوگوں نے منفی کمنٹس بھی کیے، اگر میری وجہ سے کسی کا دل دکھی ہوا ہے تو معافی چاہتاہوں اور اپنی فیڈریشن، استاد اور چاہنےوالوں سے معذرت کرتاہوں، اس کپ کو کپ ہی رہنے دیں۔

مزید خبریں