هفته,  27 دسمبر 2025ء
مودی! وہ دل گردہ کہاں سے لاؤ گے، جو ہمارے فیلڈ مارشل کا ہے؟ صدرآصف زرداری

گڑھی خدا بخش(روشن پاکستان نیوز) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے خطاب کیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور معرکہ حق میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ دراصل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح کی آواز تھی، جس نے ملک کو متحد رکھا اور پاکستان کو بچایا، ہم نے ایسا آرمی چیف بنایا جس نے بھارت کو واضح پیغام دے دیا کہ جنگ کوئی کھیل نہیں۔

صدر مملکت نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان چاہتا تو بھارت کے مزید طیارے بھی گرائے جا سکتے تھے، حتیٰ کہ وکرم جیسے جہاز بھی نشانہ بن سکتے تھے، مگر پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

مزید پڑھیں: عظمیٰ بخاری جس طرح اقتدار میں آئیں بلاول ایسے نہیں آئیں گے: شرجیل میمن

انہوں نے کہا کہ مودی کو اب معلوم ہو چکا ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے اور یہ ملک قیامت تک قائم رہے گا۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہشمند نہیں اور کسی ملک سے لڑنا نہیں چاہتا تاہم اگر دھرتی ماں کو ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی اور پوری قوم جان لڑا دیں گے اور ہمارے فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور نیول چیف جیسا جگرہ دشمن کہیں سے نہیں لا سکتے۔

صدر مملکت نے ماضی کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ناسمجھ شخص نے چار سال میں پاکستان کے عالمی تعلقات کو نقصان پہنچایا، مگر آج حالات بدل چکے ہیں اور دنیا پاکستان کی عسکری قیادت کو تسلیم کر رہی ہے، حتیٰ کہ امریکی صدرٹرمپ بھی ہمارے فیلڈ مارشل کا نام لیتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دشمنوں کے لیے تنہا ہی کافی ہے اور بھٹو کے وارث آج بھی میدان میں موجود ہیں۔

مزید خبریں