اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو بصیرت، استقامت اور عوامی جدوجہد کی ایک روشن اور دائمی مثال تھیں۔
سحر کامران نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی جمہوری طور پر منتخب خاتون وزیرِ اعظم تھیں جنہوں نے آمریت، انتہاپسندی اور جبر کے خلاف جمہوریت کا پرچم بلند رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی بی شہید کی پہچان جمہوریت پر کامل یقین، عوام سے بے لوث رشتہ اور کمزور طبقات کے حقوق کے لیے جدوجہد تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آئین، جمہوری اقدار اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دی، جبکہ ان کی شہادت نے ملک میں انصاف، برابری اور جمہوری شعور کی تحریک کو نئی توانائی بخشی۔
سحر کامران کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی بی بی شہید کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو آج بھی خواتین، نوجوانوں اور پسے ہوئے طبقات کے لیے حوصلے اور امید کی علامت ہیں۔
مزید پڑھیں: سحر کامران کا یومِ پیدائشِ قائداعظم پر پیغام، اتحاد اور رواداری کو اپنانے پر زور
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اصل قیادت قربانی، حوصلے اور عوامی خدمت سے جنم لیتی ہے، اور ان کو سچا خراجِ عقیدت ان کے جمہوری اور عوام دوست مشن کو آگے بڑھانے میں ہے۔
سحر کامران نے بتایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت پر ملک بھر سے عوام کی بڑی تعداد گڑھی خدا بخش پہنچ کر ان کی آخری آرام گاہ پر عقیدت و احترام کا اظہار کر رہی ہے۔











