اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی اور اداکار حمزہ سہیل سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، جہاں ان کی ممکنہ شادی سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔
مختلف انسٹاگرام اکاؤنٹس پر یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ دونوں 2026 میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو سکتے ہیں۔ اس خبر نے مداحوں میں خاصا جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے افواہوں کو ختم کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر تصدیق شدہ دعووں پر یقین نہ کریں اور کہا کہ ارے دوستو، کوئی بھی ذاتی خبر، اگر کبھی ہوگی براہ راست میں خود ہی بتاؤں گی۔

سجل علی کو پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی باصلاحیت اور ورسٹائل اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اورنگریزہ، گلِ رانا، چپ رہو، یقین کا سفر ، یہ دل میرا ، آنگن ، دھوپ کی دیوار ، کچھ ان کہی، صنفِ آہن اور میں منٹو نہیں ہوں جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی جاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے ہیں، مضبوط کرداروں اور متنوع اداکاری نے انہیں بے پناہ شہرت دلائی ہے۔
دوسری جانب حمزہ نے بھی قلیل عرصے میں ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی الگ شناخت قائم کر لی ہے، ان کے نمایاں منصوبوں میں فیری ٹیل سیزن 1 اور 2 ، زرد پتوں کا بن، برنس روڈ کے رومیو جولیٹ اور دل والی گلی میں شامل ہیں۔ خاص طور پر زرد پتوں کا بن میں سجل علی کے ساتھ حمزہ سہیل کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا، جبکہ دل والی گلی میں میں بھی دونوں کی اسکرین کیمسٹری کو خوب سراہا گیا۔
مزید پڑھیں: سجل علی کا کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کی موت پر سخت ردعمل
سوشل میڈیا صارفین اس مبینہ شادی کی خبر پر اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔ ایک مداح نے لکھا کہ انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے، کیونکہ حمزہ سہیل ایک باوقار اور مہذب شخصیت کے مالک ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک اور مداح نے کہا کہ سجل علی خوشی کی مستحق ہیں اور دعا ہے کہ ان کی زندگی ہمیشہ خوشیوں سے بھرپور رہے۔ مجموعی طور پر شائقین اس جوڑی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ یہ خبریں حقیقت کا روپ دھار لیں۔











