جمعه,  26 دسمبر 2025ء
سہیل آفریدی کے سکیورٹی گارڈز اور پنجاب اسمبلی کے گارڈز کے درمیان ہاتھا پائی

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر حالات کشیدہ ہو گئے۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ آنے والے سکیورٹی گارڈز اور پنجاب اسمبلی کے گارڈز کے درمیان ہاتھا پائی اور دھکم پیل ہوئی۔

وزیر اعلیٰ کے پی کے دورے کے دوران ایوان میں بڑی تعداد میں لوگ داخل ہوئے، جس کی وجہ سے انتظامی مشکلات پیدا ہو گئیں اور حالات قابو سے باہر ہو گئے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان شفیع کھوکھر انتقال کر گئے

پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر گارڈز کے درمیان سخت دھکم پیل اور کشیدگی دیکھی گئی، تاہم بعد میں پولیس اور اسمبلی سکیورٹی نے صورتحال پر قابو پا لیا۔

اس واقعے نے پنجاب اسمبلی میں سکیورٹی انتظامات کے مؤثر ہونے اور مختلف صوبوں کے اعلیٰ حکام کے دوروں کے دوران ممکنہ مسائل پر سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ایسے دوروں کے لیے مزید سخت سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

سہیل آفریدی نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے اندر ہمارے کارکنوں کے ساتھ ظلم اور فسطائیت ہو رہی ہے، پنجاب پرایک جعلی حکومت قابض ہے، یہ صرف ایک پارٹی کو ڈرانے اور دھمکانے میں لگے ہوئے ہے۔

مزید خبریں