جمعرات,  25 دسمبر 2025ء
اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کا اہم ستون ہے، فیلڈ مارشل

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کا اہم ستون ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق مساوات، مذہبی آزادی اور آئینی اقدار پاکستان کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کا ایک اہم ستون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل طاقت مساوی مواقع اور آئینی اقدار میں مضمر ہے۔

مزید پڑھیں: بانی پاکستان قائداعظم کا 149 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

فیلڈ مارشل نے قومی ترقی اور سلامتی میں مسیحی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج میں مسیحی برادری کی نسل در نسل خدمات قابلِ فخر ہیں، جو حب الوطنی اور قومی یکجہتی کی روشن مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج تمام شہریوں کے مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اس موقع پر مسیحی رہنماؤں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورے پر شکریہ ادا کیا اور افواج کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں