اسلام آباد (سائرہ اختر)لاہور میں عمرہ زائرین محصور، نجی ائیرلائن ائیرسیال کی مسلسل پروازوں کی منسوخی کے باعث عمرہ زائرین گزشتہ چار دن سے لاہور ائیرپورٹ پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بزرگ، خواتین اور بچے سخت سردی اور غیر یقینی صورتحال میں رُل گئے، جبکہ ائیرلائن انتظامیہ کی جانب سے کوئی واضح جواب یا متبادل انتظامات فراہم نہیں کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق 19 دسمبر کو عمرہ زائرین کی پرواز PF716 کے مسافر مقررہ وقت پر لاہور ائیرپورٹ پہنچے، تاہم اچانک پرواز منسوخ کر دی گئی۔ بعد ازاں مسافروں کو 21 دسمبر کی پرواز PF726 کے ٹکٹس جاری کیے گئے، لیکن یہ پرواز بھی بغیر پیشگی اطلاع کے منسوخ کر دی گئی۔
متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ تو رہائش کی سہولت دی گئی اور نہ ہی کھانے پینے کا مناسب انتظام کیا گیا۔ کئی عمر رسیدہ افراد اور خواتین شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، جبکہ بچوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ مسافروں نے شکایت کی کہ ائیرسیال کا عملہ ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے اور کسی قسم کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی
عمرہ زائرین نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ائیرلائنز کی غفلت کا خمیازہ معصوم مسافروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ متاثرہ افراد نے اپیل کی ہے کہ پروازوں کی بحالی، متبادل انتظامات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔











