بدھ,  24 دسمبر 2025ء
ڈاکٹروں نے مریضہ کے معدے سے 34 کیلیں برآمد کر لیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) مصر کے ایک اسپتال میں ڈاکٹروں نے مریضہ کے معدے سے 34 کیلیں نکال لیں۔

کفر الشیخ اسپتال کی جدید اینڈوسکوپی یونٹ، جو جگر اور معدے کے امراض کے علاج کے لیے مختص ہے، نے بتایا ہے کہ اسپتال میں زیرِ علاج ایک مریضہ کے معدے سے 34 لوہے کی کیلیں نکالی گئی ہیں۔

مریضہ کو پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے ساتھ شمالی قاہرہ میں واقع اس اسپتال میں لایا گیا تھا۔ مصری ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ماہر طبی ٹیم نے بغیر کسی جراحی عمل کے، اینڈوسکوپی کے ذریعے مریضہ کے معدے سے بڑی تعداد میں کیلیں نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔

مزید پڑھیں: دنیا کے مختلف خطوں میں سپر فلو کی لہر، اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ

اینڈوسکوپی اور نظامِ ہاضمہ کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر مازن درویش نے بتایا کہ مریضہ انتہائی کمزوری اور معدے کے طویل عرصے سے جاری شدید درد کی حالت میں اسپتال پہنچی، جہاں فوری طور پر ضروری طبی معائنے اور ایکسرے کیے گئے، جن سے معدے کے اندر متعدد کیلوں کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

انھوں نے کہا کہ روایتی سرجری سے ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے فوری طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے علاج کا فیصلہ کیا گیا۔ ماہر ڈاکٹروں اور اینستھیزیا ٹیم کی موجودگی میں کامیاب طبی کارروائی کے دوران 34 کیلیں نکال لی گئیں اور اس دوران کوئی پیچیدگی سامنے نہیں آئی۔

ڈاکٹر مازن درویش کے مطابق مریضہ نے اسپتال انتظامیہ کو اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ یہ کیلیں اس کے معدے میں کس طرح پہنچیں۔ تاہم کیلیں نکالی جانے کے بعد مریضہ کی حالت مستحکم رہی۔

مزید خبریں