منگل,  23 دسمبر 2025ء
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اسپیکٹرم کی نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور اسی بنیاد پر اسپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن کے حوالے سے سفارشات دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ ہی پورے ڈیجیٹل نظام کی بنیاد ہے، ڈیجیٹل پاکستان کے سفر کو تیز کر رہے ہیں۔

وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ اسپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کوجلد کابینہ میں پیش کریں گے، ٹیلی کام سیکٹر سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے مشاورت یقینی بنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں فائیو جی لانچنگ کے حوالے سے پی ٹی اے نے بڑا قدم اٹھا لیا

وزیرآئی ٹی نے کہا کہ 600 میگاہرڈز اسپیکٹرم کی آکشن کرنے جا رہے ہیں، اسپیکٹرم نہ ہونے سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار عالمی معیار کی نہیں، جلد پاکستان میں فائیوجی متعارف کرا رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے پی آئی اے کی نجکاری اور فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی وقت میں پی آئی اے کی بولی کا عمل مکمل جبکہ فائیو جی اسپیکٹرم آکشن کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بولی اور فائیو جی اسپیکٹرم کے آکشن کی منظوری کو براہ راست نشرکیا گیا، مشرف زیدی نے کہا کہ الحمدللہ، وزیراعظم کی قیادت میں مہینوں کی انتھک محنت، پالیسی پر غور و خوض اور مذاکرات نے بالآخر عملی نتائج دکھانا شروع کر دیے ہیں۔

مزید خبریں