ٹیکساس، امریکہ (میاں خرم شہزاد) پینتھرز گروپ یو ایس اے کی جانب سے اپنی پہلی گالا تقریب کا شاندار انعقاد ٹیکساس میں کیا گیا، جس میں سماجی، کاروباری اور سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، معزز رہنماؤں اور منتخب عوامی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد قیادت، اشتراکِ عمل اور کمیونٹی رابطوں کو فروغ دینا تھا۔ اس باوقار تقریب میں عزیر حسن، چیف ایگزیکٹو آفیسر میکسم (MAXUM) کی خصوصی دعوت پر متعدد نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جن میں جج کرسچین بیسرا، جج سونیا رش، اسٹیٹ ریپریزنٹیٹو رون رینالڈز، کانسٹیبل اسموکی، کانسٹیبل پیٹرک کوئنسی اور دیگر معزز حکومتی و سماجی رہنما شامل تھے۔ تقریب میں کوکب اقبال، چیئرمین کنزیومرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی شرکت کو خصوصی اہمیت حاصل رہی، جنہوں نے کمیونٹی روابط، صارفین کے حقوق اور پاک۔امریکہ سماجی و تجارتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے ہمراہ ارتضیٰ رانا، اکبر نقوی اور عمر خان بھی موجود تھے۔ مہمانوں نے پینتھرز گروپ یو ایس اے کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات نہ صرف مختلف کمیونٹیز کو قریب لاتی ہیں بلکہ قیادت، اعتماد اور مشترکہ ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا کرتی ہیں۔ تقریب کا اختتام باہمی تعاون کے عزم، مستقبل میں مشترکہ اقدامات اور کمیونٹی ترقی کے لیے مثبت پیغام کے ساتھ ہوا۔ پینتھرز گروپ یو ایس اے کی پہلی گالا تقریب کو شرکاء نے ایک یادگار اور کامیاب تقریب قرار دیا۔











