اتوار,  21 دسمبر 2025ء
ایشزمیں شکست پرانگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کیا کہا؟

سڈنی(روشن پاکستان نیوز) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم نے ایشز سیریز میں ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد تسلیم کر لیا ہے کہ ٹیم کی تیاریوں پر اٹھنے والے سوالات بالکل جائز ہیں۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 82 رنز سے شکست کے بعد آسٹریلیا نے سیریز میں 0-3 کی ناقابلِ تلافی برتری حاصل کر لی، حالانکہ سیریز کے ابھی دو میچز باقی ہیں۔

میچ کے بعد ٹی این ٹی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے برینڈن میکلم نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مکمل طور پر آؤٹ پلے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں یہ آسٹریلوی ٹیم سب سے زیادہ منظم، مستقل اور خطرناک نظر آئی ہے۔

میکلم نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ کی ٹیم بڑے مواقع پر دباؤ برداشت کرنے میں ناکام رہی۔ ان کے مطابق،ہم یہاں بڑے خواب اور بلند اہداف لے کر آئے تھے، لیکن تینوں ٹیسٹ میچز میں ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ہم ناکام رہے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی

ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ نے 435 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں بہتر مزاحمت کی اور 194 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد 352 تک پہنچنے میں کامیاب رہا، جو اس دورے میں ان کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ تاہم کوئی بھی بلے باز سنچری نہ بنا سکا، جس پر میکلم نے مایوسی کا اظہار کیا۔

انگلش کوچ نے کہا کہ سیریز کے آخری ڈیڑھ سے دو دنوں میں ٹیم نے اپنی بہترین کرکٹ کھیلی، لیکن تب تک سیریز ہاتھ سے نکل چکی تھی۔ ان کے مطابق ٹیم حد سے زیادہ دباؤ اور توقعات کی وجہ سے اپنی قدرتی کھیل نہیں کھیل سکی۔

میکلم نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ابتدائی ٹیسٹ میچز سے قبل تیاریوں میں شاید غلطیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور کوچ وہ اس ذمہ داری کو قبول کرتے ہیں اور بعد ازاں اندازہ ہوا کہ شاید پہلے ٹیسٹ سے قبل مزید میچ پریکٹس کی ضرورت تھی، جبکہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل کم تیاری بہتر رہتی۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم اب باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں وقار کے لیے میدان میں اترے گی۔ہمارے پاس اب بھی موقع ہے کہ ہم کچھ سیکھیں، فخر کے ساتھ کھیلیں اور اپنے مداحوں کے لیے بہتر کارکردگی دکھائیں۔

برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ اگر انگلینڈ دباؤ سے آزاد ہو کر صرف کرکٹ کھیلنے پر توجہ دے تو باقی میچز میں بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

مزید خبریں