جمعه,  19 دسمبر 2025ء
ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کا ایک سال مکمل، عالمی ترسیلات کے لیے ورلڈ فرسٹ سے شراکت داری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے اپنی ڈیجیٹل بینکنگ آپریشنز کا ایک سال مکمل ہونے پر عالمی سطح پر ترسیلاتِ زر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ورلڈ فرسٹ (Ant International) کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کر دیا ہے۔ اس شراکت کے تحت اب دنیا کے 100 سے زائد ممالک سے 100 سے زیادہ کرنسیوں میں رقوم براہِ راست ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں وصول کی جا سکیں گی۔

یہ اعلان اسلام آباد میں منعقدہ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی پہلی سالگرہ کی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سرکاری حکام، ریگولیٹرز، کاروباری شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے ایزی پیسہ کو ڈیجیٹل بینکنگ کا ایک سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ڈیجیٹائزیشن معیشت کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے جبکہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ کیش لیس معیشت کے حقیقی فوائد کو عوام تک پہنچانا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، جس میں ایزی پیسہ جیسے ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کا 4.7 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع، 2024 میں 3.8 گنا اضافہ

تقریب کی میزبانی ایزی پیسہ بورڈ کے چیئرمین عرفان وہاب خان، اینٹ انٹرنیشنل کے صدر ڈگلس فیگن اور ایزی پیسہ کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب خان نے کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ورلڈ فرسٹ کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ترسیلاتِ زر کی رسائی روایتی کوریڈورز سے آگے بڑھے گی اور فری لانسرز، برآمد کنندگان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

ایزی پیسہ کے مطابق سال 2025 کے دوران پلیٹ فارم پر 3.8 ارب سے زائد ڈیجیٹل لین دین ہوئے، جن کی مجموعی مالیت 15 کھرب روپے سے تجاوز کر گئی، جو پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 11 فیصد بنتی ہے۔ اس وقت ملک کے ہر پانچ میں سے ایک فرد ایزی پیسہ کا صارف ہے، جن میں 31 فیصد خواتین شامل ہیں، جو ڈیجیٹل مالی شمولیت میں ایزی پیسہ کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید خبریں