اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیبیا آمد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو لیبیا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
فیلڈ مارشل اور لیبیا کی فوج کے سربراہ نے باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: ملہال مغلاں میں فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کے قیام کی منظوری، عوام اور ریٹائرڈ فوجیوں کے لیے بڑی خوشخبری
دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر روابط، تربیت اور صلاحیت سازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ، اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔











