منگل,  16 دسمبر 2025ء
اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 175.53 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں جن کی مالیت 2 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

تعلیمی اداروں کے اطراف کارروائیاں

گلگت میں ایک سکول کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 450 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔

دیگر اہم کارروائیاں

کراچی کے علاقے کلفٹن میں ایک کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے کارپٹ میں جذب کی گئی 21.6 کلوگرام آئس برآمد کر لی گئی۔

فیصل آباد کے قریب ساہیانوالہ ٹول پلازہ پر ایک گاڑی سے 80.4 کلوگرام چرس اور 60 کلوگرام افیون برآمد کی گئی، جبکہ 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے بیلا روڈ پر ایک ملزم کے قبضے اور اس کے گھر سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

مزید پڑھیں: ڈی جی اے این ایف کی بلوچستان کے مغربی علاقوں کا دورہ، غیر قانونی فصلوں کے خاتمے کے لیے اقدامات

اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کے دوران 2 ملزمان سے 140 گرام کوکین اور 140 گرام آئس برآمد ہوئی۔

چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب ایک ٹرک سے 2.8 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ضلع جہلم کے علاقے پھاٹک راٹھیاں کے قریب 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان سے 400 گرام آئس برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں