پیر,  15 دسمبر 2025ء
نیشنل پریس کلب میں کرسمس کی شاندار تقریب، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا اعلان
نیشنل پریس کلب میں کرسمس کی شاندار تقریب، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کا اعلان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)نیشنل پریس کلب کرسمس کے موقع پر اپنے مسیحی ممبران ، اُن کی فیملیز کی خوشیوں میں شریک ہونے اور بین المذاہب مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے 17 دسمبر 2025 بروز بدھ ایک شاندار تقریب کا اہتمام کرے گا۔ میڈک گیلریا انٹرنیشنل اور زکواۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے تعاون سےمنعقدہونے والی تقریب میں نیشنل پریس کلب کے مسیحی ممبران اور اُن کے اہلِ خانہ کے اعزاز میں خصوصی ڈنر دیا جائے گا، بچوں کے لیے تحائف تقسیم کیے جائیں گے جبکہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا جائے گا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کی مذہبی رسومات بھی ادا کی جائیں گی، جس سے مذہبی رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کو مزید تقویت ملے گی۔کرسمس کی اس تقریب میں سابق وزیر اعظم پاکستان و سابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے علاوہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف ممالک کے سفراء کی شرکت بھی متوقع ہے۔صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی اور سیکرٹری جنرل نیئر علی کے مطابق کرسمس کی اس تقریب کو شایانِ شان اور کامیاب بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنے اپنے دائرۂ کار میں ذمہ داریاں ادا کریں گی۔این پی سی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف اقلیتی برادری کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہیں بلکہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور صحافتی برادری کے اتحاد کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔نیشنل پریس کلب کی جانب سے کرسمس کی یہ تقریب بھائی چارے، امن اور باہمی احترام کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال ہوگی۔

مزید خبریں