سڈنی(روشن پاکستان نیوز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک حملہ آور کو پکڑنے والے شہری کی شناخت سامنے آگئی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سڈنی کے بونڈی بیچ پر 2 افراد نے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 30 کے قریب زخمی ہوگئے۔
آسٹریلوی پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک فائرنگ کرنے والا بھی شامل ہے جب کہ دوسرے حملہ آور کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک حملہ آور کو وہاں موجود ایک شہری نے اپنی جان پر کھیل کر بہادری سے پکڑا اور اس کا اسلحہ چھین کر متعدد لوگوں کی جانیں بچائیں۔
مزید پڑھیں: سڈنی میں ساحل سمندر پر فائرنگ، 10 افراد ہلاک
آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہےکہ اس بہادر شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کہ سڈنی میں دکان پر پھل فروخت کرتے ہیں اور 2 بچوں کے والد ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آور پر قابو پانےکی کوشش میں خود احمد کو بھی بازو پر 2 گولیاں لگیں، وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پر بھی اس واقعے کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جس میں احمد کو حملہ آور پر قابو پاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ صارفین کی جانب سے احمد کی بہادری کی داد دی جارہی ہے اور آسٹریلوی میڈیا میں انہیں ہیرو قرار دیا جارہا ہے۔











