اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) امریکہ کے ایگزم بینک نے پاکستان میں معدنیات کی کان کنی کے منصوبوں کے لیے 1.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے مطابق یہ فنانسنگ آنے والے برسوں میں بڑھ کر 2 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ یہ مالی معاونت امریکی اور پاکستانی شراکت داری کو مضبوط بنائے گی اور بالخصوص بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کرے گی۔
ان کے مطابق اس تعاون سے نہ صرف امریکی برآمد کنندگان کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مقامی کمیونٹی اور پاکستانی پارٹنرز کو بھی جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور نئے مواقع میسر آئیں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستان، امریکہ، افغانستان اور تاریخ کا خیمہ
امریکی ناظم الامور نے بتایا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کے مطابق امریکہ میں 6 ہزار جبکہ بلوچستان میں ساڑھے 7 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جو مستقبل میں دوطرفہ معاشی تعاون کو مزید مضبوط کریں گی۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایسی معاشی شراکت داریوں کو امریکی سفارت کاری کا بنیادی حصہ بنایا تھا اور پاکستان کے ساتھ یہ پیش رفت اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔










