پیر,  08 دسمبر 2025ء
آئندہ دو روز کیلئے اسلام آباد کے کون سے راستے بند رہیں گے؟ ایڈوائزری جاری
آئندہ دو روز کیلئے اسلام آباد کے کون سے راستے بند رہیں گے؟ ایڈوائزری جاری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اتوار کو خصوصی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو 8 دسمبر کو صبح 11 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور 9 دسمبر کو رات 9 بجے سے 10 بجے تک اہم شاہراہوں پر ٹریفک کے غیر معمولی دباؤ سے آگاہ کیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ان اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، متبادل راستوں کا استعمال کیا جائے اور سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کی جائے۔ جن مقامات پر زیادہ رش متوقع ہے ان میں فیصل ایونیو، اسلام آباد ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے شامل ہیں۔

پولیس نے ریڈ زون میں داخلے کے لیے ایکسپریس چوک اور میریٹ گیٹ بند کر دیے ہیں جبکہ شہریوں کو سرینا روڈ، نادرا روڈ یا مارگلہ روڈ کو متبادل راستے کے طور پر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کی گرفتاری بند، مریم نواز کے اہم احکامات

ایڈوائزری میں مختلف سمتوں سے آنے والوں کے لیے متبادل راستوں کی تفصیلات بھی دی گئیں:

راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے شہری راول روڈ، نائنٹھ ایونیو، فقیر ایپی روڈ یا سری نگر ہائی وے استعمال کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والوں کے لیے زیرو پوائنٹ یا سری نگر ہائی وے سے نائنٹھ ایونیو کا راستہ تجویز کیا گیا ہے۔

مری یا بھارہ کہو سے آنے والے افراد کورنگ روڈ، بنی گالا روٹ، پارک روڈ یا لہترڑ روڈ اختیار کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق افسران اہم مقامات پر تعینات رہیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کو معاونت فراہم کی جا سکے۔

شہری آئی ٹی پی ریڈیو 92.4 ایف ایم اور اسلام آباد پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہ سکتے ہیں۔

مزید خبریں