واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست مزید بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب اس میں شامل ممالک کی تعداد 30 سے زائد ہونے کا امکان ہے۔
امریکی محکمہ داخلہ کی سیکریٹری کرسٹی نوم نے ایک انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ درست تعداد نہیں بتائی جا سکتی، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف ممالک کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کے مطابق جن ممالک میں مستحکم حکومت نہیں، جو اپنے شہریوں کی درست معلومات فراہم نہیں کر سکتے اور امریکا کو سیکیورٹی جانچ میں تعاون نہیں دیتے، انہیں اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: روس یوکرین کے ساتھ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے: ٹرمپ
گزشتہ ہفتے 19 غیر یورپی ممالک کے شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں روک دی گئی تھیں، جن میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت کے لیے درخواستیں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جون میں صدر ٹرمپ نے 12 ممالک کے شہریوں پر مکمل سفری پابندی اور سات مزید ممالک پر جزوی پابندیاں عائد کی تھیں، جن کا اطلاق سیاحوں، طلبہ اور کاروباری مسافروں پر بھی ہوتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ 36 مزید ممالک کے شہریوں پر پابندی لگانے پر بھی غور کر رہی ہے۔
یہ فیصلے واشنگٹن میں نیشنل گارڈ اہلکاروں پر حالیہ حملے کے بعد مزید سخت کیے جا رہے ہیں، جس کا تعلق ایک افغان شہری سے جوڑا گیا ہے۔











