اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے ساتواں اسلام آباد ایکسپو چھ اور سات دسمبر کو پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں منعقد کیا جائے گا۔ اس نمائش کا مقصد خواتین کاروباری شخصیات کو مارکیٹ تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا، کاروباری روابط کو مضبوط کرنا اور مقامی و بین الاقوامی اداروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔
نمائش میں ملک بھر کی خواتین کاروباری شخصیات کے ساتھ کثیر القومی کمپنیاں، سفارتکار، نجی شعبے کے نمائندے اور خریدار بھی شرکت کریں گے، جس سے کاروباری معاہدوں اور نیٹ ورکنگ کے مواقع بڑھیں گے۔ اس کے علاوہ نمائش میں ورکشاپس، مباحثے، ثقافتی پروگرام، موسیقی اور بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔
مزید پڑھیں: نیویارک کی طرح اسلام آباد چیمبر میں بھی قیادت بدل سکتی ہے: سید ندیم منصور
ویمن چیمبر کی صدر ثمینہ فاضل نے بتایا کہ ایکسپو کا اہم مقصد چھوٹے اور گھریلو کاروبار کرنے والی خواتین کو بڑی کمپنیوں، بین الاقوامی فرموں اور سفارتی مشنز تک رسائی دینا ہے، کیونکہ عام طور پر انہیں اس قسم کے مواقع کم ہی میسر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ایکسپوز میں یومیہ 10 سے 15 ہزار افراد نے شرکت کی اور متعدد کاروباری معاہدے ہوئے۔
ثمینہ فاضل نے مزید کہا کہ اس سال آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے اور تقریباً دس آذربائیجانی کمپنیاں بھی نمائش میں شریک ہوں گی۔ دونوں ممالک کا ہدف تجارت کو 100 ملین ڈالر سے بڑھا کر 2 ارب ڈالر تک لے جانا ہے۔
ایونٹ کے کارپوریٹ پارٹنرز میں ڈی واٹسن، جیز کیش اور کیئر شامل ہیں، جو نمائش کو سپورٹ کریں گے اور خواتین کاروباری شخصیات کو ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔











