اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اداکارہ اور میزبان مشی خان نے کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کے دلخراش واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایک ویڈیو میں انہوں نے گورنر ، وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے سوال کیا کہ کراچی ، سندھ کیلئے اربوں روپے کا بجٹ ملتا ہے وہ کہاں جاتا ہے؟آپ لوگوں نے کراچی کا حال برا کیا ہوا ہے ۔شہر کچرا کنڈی بنا ہوا ہے ۔
سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں ، مین ہولز کھلے ہوئے ہیں ، ایک اور بچہ مین ہول کی نذر ہوگیا،آپ لوگ کدھر لگاتے ہیں وہ بجٹ ؟آپ اپنے لائف سٹائل دیکھیں ، کروڑوں روپے کی گاڑیوں میں پھرتے ہیں ، آپ لوگوں نے کراچی کو بدحال کردیا ہے ۔
مزید پڑھیں: سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے
2026 شروع ہونے والا ہے ، آپ پتہ نہیں کس زمانے میں رہتے ہیں،آپ لوگوں نے کراچی کو ایسا بنا دیا ہے جیسے کوئی وار کی جگہ ہوتی ہے ۔لوگوں کی جانیں چلی جاتی ہیں لیکن آپ کے سروں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔آپ لوگوں کو شرم آنی چاہئے ۔
لوگ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اربوں کا بجٹ کہاں جاتا ہے ۔ پانی نہیں ، بجلی نہیں ، سڑکیں کھدی ہوئیں ، نالے کھلے ہوئے ، کیا کر رہے ہیں آپ لوگ؟ہمارے حق حلال کے جو ٹیکسز ہیں وہ کدھر جاتے ہیں۔











