راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) اڈیالہ جیل حکام نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بالکل صحت مند اور جیل میں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل کے باہر کیا کہا جا رہا ہے یا کیا ہوتا ہے اس سے جیل انتظامیہ کا کوئی تعلق نہیں۔ ہم جیل کے اندر کی صورتحال کے ذمہ دار ہیں اور یہاں بانی پی ٹی آئی کو تمام قانونی و طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان اڈیالہ جیل نے عوام سے اپیل کی کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد افواہوں پر یقین نہ کریں، کیونکہ ایسی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی اڈیالہ جیل راولپنڈی میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف کو کسی اور مقام پر منتقل کیے جانے کی خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔
اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں پھیلائی جانے والی یہ باتیں حقائق پر مبنی نہیں، بانی پی ٹی آئی کو نہ تو کہیں منتقل کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق بانی پی ٹی آئی جیل میں بالکل محفوظ ہیں اور انہیں جیل قوانین کے مطابق تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیدی ہونے کے باعث ان تک رسائی محدود ہے اور انہیں صرف اہل خانہ اور وکلا ہی سے ملاقات کرنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کوئی خصوصی ریلیف یا اضافی رعایت نہیں دی جا رہی۔
مزید پڑھیں: عمران خان اکیلے نہیں، ان کو لانے والے بھی مجرم ہیں، نوازشریف
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں سیاسی ملاقاتیں بھی کرتے ہیں اورمختلف مواقع پراحتجاج اور ہنگاموں سے متعلق ہدایات جاری کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جیل انتظامیہ اس صورتحال کا نوٹس لے رہی ہے اور ہر معاملے پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے حکومت پنجاب کسی بھی قیدی کیلئے قانون سے بالاتر سہولت کی قائل نہیں۔











