اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد پولیس نے آئی جی اسلام آباد کے خصوصی احکامات پر دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے۔ سرچ آپریشنز تھانہ آبپارہ، انڈسٹریل ایریا، کرپا اور سنگجانی کے علاقوں میں مکمل کیے گئے، جن کی مجموعی نگرانی ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کی، جبکہ زونل ایس پیز، لیڈیز پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے بھی بھرپور حصہ لیا۔
آپریشن شروع ہونے سے قبل پولیس نفری کو مکمل بریفنگ دی گئی۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران 599 افراد اور 341 گھروں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔ اسی طرح 7 ہوٹلز اور 13 دکانوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 139 موٹر سائیکلوں اور 57 گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ویسٹ یارکشائر پولیس کا منی لانڈرنگ کیخلاف آپریشن، 2.7 ملین پاؤنڈ کے غیرقانونی اثاثے ضبط
کارروائی کے دوران دو افغانی شہریوں سمیت 8 مشکوک افراد کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق اس آپریشن کا مقصد مختلف علاقوں میں جرائم کی بیخ کنی اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق شہر بھر میں اس طرح کے گرینڈ سرچ آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ مشکوک سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں، کیونکہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔











