واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی ریاست واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس میں 2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے قریب ایک شخص نے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ دارالحکومت کے مرکز میں فیروگٹ ویسٹ میٹرو اسٹیشن کے نزدیک اور وائٹ ہاؤس سے صرف چند بلاکس کی دوری پر پیش آیا۔
پولیس اور حکام نے اس حملے کو باقاعدہ منصوبہ شدہ حملہ قرار دیا ہے، یعنی فائرنگ میں خاص طور پر نیشنل گارڈ اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت 29 سالہ افغان باشندے رحمان اللہ لکھنوال کے طور پر ہوئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق وہ 2021 میں امریکہ آیا تھا۔
واقعے کے بعد، حکام اور انتظامیہ نے سرکاری عمارتوں اور نزدیکی علاقوں کو سیل کر دیا، راستے بند کیے گئے اور فوری تحقیقات شروع کی گئیں۔
میئر واشنگٹن پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں اضافی500 اہلکارتعینات کرنے کا حکم دیاہے، انہوں نے کہا کہ نشانہ بنا کر فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو واشنگٹن ڈی سی میں فوج کی تعیناتی سے روک دیا
ڈائریکٹرایف بی آئی کاش پٹیل نے کہا کہ دونیشنل گارڈز کو گولیاں لگیں جوتشویشناک حالت میں ہیں، اس واقعہ کوافسران پرحملے کے طور پر لیا جا رہا ہے، یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، صدرٹرمپ کوآگاہ کردیاگیا ہے۔
امریکی صدر نے واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی بیان جاری کیا، انہوں نے پیغام میں فائرنگ کرنے والے شخص کو جانور قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وائٹ ہاؤس سے چندقدم کے فاصلے پرنیشنل گارڈزکوگولی ماری گئی، یہ واقعہ نفرت اوربرائی کی علامت ہے، حملہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق مشتبہ شخص 2021 میں افغانستان سے امریکا میں داخل ہوا تھا، بائیڈن دور میں افغانستان سے داخل ہونے والے ہر غیر ملکی کی دوبارہ جانچ ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پوری امریکی قوم اورانسانیت کے خلاف جرم ہے۔











