پشاور(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے 27 دسمبر کو پشاور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے دردناک اور غم ناک ہے۔ کیونکہ ہمارے پرامن کارکنوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گولیاں چلائی گئیں۔
انہوں ںے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ہر منگل کو اسلام آباد میں اراکین اسمبلی اپنے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ جبکہ 27 دسمبر کو پشاور میں بڑا جلسہ کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی کا ہر رکن اسمبلی منگل کو اسلام آباد پہنچے اور جو نہیں پہنچے گا ہم اسے ملامت کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان پر پہلی بار تشدد نہیں کیا گیا۔ طاقتور لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہو۔ اور وہ عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر پر دہشتگرد حملہ ناکام، سابق ایم پی اے آمنہ خانم کی شدید مذمت
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو مفلوج کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ ہم نے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر حق استعمال کرنا ہے۔ لیکن کچھ لوگ انتشار چاہتے ہیں۔ 9 مئی اور 26 نومبر کو ہم پرامن تھے۔ اور آئندہ بھی پرامن رہیں گے۔











