جدہ (محمد عدیل / نمائندہ خصوصی) کشمیر کمیٹی جدہ کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان کے سفیر نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی کی ٹیم نے قونصل جنرل کی کمیونٹی کے لیے شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود پوری، جنرل سیکرٹری سردار اقبال، ترجمان عامل عثمانی، جان گلزار سمیت دیگر اراکین اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کے دوران مقررین نے قونصل جنرل خالد مجید کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا اور کہا کہ انہوں نے اپنے پورے دورِ ملازمت میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا اور کشمیر کاز کے لیے موثر کردار ادا کیا۔ شرکاء کے مطابق خالد مجید کا دور خدمت دیانت، محنت اور عوامی رابطوں کی مضبوطی کا مثالی باب ہے۔
پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ریجن میں قونصل جنرل خالد مجید کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خالد مجید نے کمیونٹی ویلفیئر، قونصلر سروسز، اور پاکستانی شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے انتہائی متحرک اور قابلِ ستائش کردار ادا کیا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں بتایا کہ وہ پاکستان سے جدہ چار اہم ذمہ داریاں لے کر آئے تھے: کمیونٹی کی خدمت، جیل کے کیسز کا حل، قونصلر سروسز میں بہتری، اور قونصل خانے کی نئی عمارت کی تکمیل۔ انہوں نے کہا، “اللہ کا شکر ہے کہ یہ چاروں اہداف کامیابی سے مکمل ہوئے اور مجھے دلی اطمینان ہے کہ میں نے اپنی ذمہ داری پوری دیانت داری کے ساتھ ادا کی”۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے انہیں اور ان کے خاندان کو جس محبت، عزت اور تعاون سے نوازا، خصوصاً بیماری کے دوران ساتھ دیا، وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔
آخر میں مسعود پوری، سردار اقبال اور دیگر مقررین نے بھی قونصل جنرل کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے خالد مجید کی کمیونٹی کے لیے خدمات کو مثالی قرار دیا۔











