کراچی(روشن پاکستان نیوز)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے پارٹی کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کی تصدیق کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ وزارتوں پر مذاکرات جاری ہیں۔ کسی قسم کا ڈیڈلاک نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ اتحادی حکومت میں کونسی وزارتیں ملیں گی یہ ابھی طے نہیں ہوا۔
مزیدپڑھیں:نیشنل پریس کلب اسلام آباد،کیمپ آفس راولپنڈی میں سولرسسٹم منصوبے پر کام شروع
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ آئیڈیل تو یہی ہے کہ اس وقت وزارتیں نہ لی جائیں لیکن یہ خود غرضی ہوگی، اس لیے ایم کیو ایم ذمہ داری لینے کے لیے تیار ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک کو دلدل سے نکالنا ہے تو برائی سرپر لینا ہوگی۔ ن لیگ سے بات چیت صحیح سمت میں جاری ہے۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ ہم نے طے کرلیا ہے کہ حکومت کا حصہ بنیں گے، وزارتیں بھی لیں گے، ہم ایسی ذمہ داری لینا چاہتے ہیں تاکہ اپنے لوگوں کو ڈیلیور کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ حلف برداری ہے، کابینہ کی بات تو بعد میں آئے گی، 6 وزارتیں مانگنے کے حوالے سے تصدیق نہیں کروں گا۔ ابھی وزارتوں کا مرحلہ نہیں ہے۔