اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے اور وہ ہمیشہ ان علاقوں کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ وہ پیر کے روز ایک نجی ایئر لائن ساؤتھ ایئر کے آغاز کے اعلان کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں ملک بھر کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نئی ایئر لائن کا آغاز صرف ایک کاروباری قدم نہیں بلکہ پاکستان میں علاقائی رابطوں اور بہتر سفری سہولتوں کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں کے لوگ بہتر سفری سہولیات کے منتظر تھے اور ساؤتھ ایئر یہ خلا پُر کرے گی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جنوبی پنجاب، اندرون سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وہ علاقے جو برسوں سے نظر انداز ہوتے رہے، اب ملکی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہا ہے اور یہاں کے لوگوں میں بے پناہ محنت اور قابلیت موجود ہے۔ ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز جلد کراچی سے ملتان پہنچے گی جو خطے کے عوام کے لیے خوش آئند ہے۔
مزید پڑھیں: سیاسی اختلافات کا حل مشاورت سے ممکن ہے، ٹکراؤ سے نہیں: یوسف رضا گیلانی
یوسف رضا گیلانی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس او ایس گروپ کنور طارق اور سی ای او ساؤتھ ایئر نشاط فاطمہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے لیے قابلِ فخر لمحہ ہے کہ پہلی بار ایک فضائی کمپنی کی قیادت ایک قابل خاتون کر رہی ہیں۔ انہوں نے چیف آپریٹنگ آفیسر ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک اور پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر رانا قاسم نون، سابق سینیٹر ثنا جمالی، رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر، اداکارہ فریال گوہر، کنور شاہد، بختاور تنویر شیخ سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ ساؤتھ ایئر کامیاب ہو، محفوظ پروازیں فراہم کرے اور عوام کے لیے سہولت و ترقی کا ذریعہ بنے۔











