اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہیں گے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ کل کے احتجاج سے متعلق سلمان اکرم راجا اعلان کریں گے۔ ہماری تحریک پہلے ہی چل رہی ہے، 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق پارٹی جو فیصلہ کرے گی عمل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم حق اور سچ کی بات کرتے ہیں ، کسی کو تلخ لگتا ہے تو لگتا رہے۔ وفاق نے ہمیں 3 ہزار ارب روپے سے زیادہ دینے ہیں وہ دیں تاکہ صوبہ ترقی کرے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا مرکزی اسٹیک ہولڈر ہے لیکن افغانستان سے مذاکرات پر مشاورت نہیں کی گئی ، سہیل آفریدی
ان کا کہنا تھا کہ ہری پور ضمنی الیکشن کے دوران فارم 45 اور آر او کی طرف سے جاری نتائج میں فرق ہے۔ اس کیخلاف قانونی جنگ لڑیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ حویلیاں جلسے میں میری تقریر آئین و قانون کے دائرے کے اندر تھی ۔ بس اتنا کہا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ اس میں غلط کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کر دیا۔











