اسلام آباد(عرفان حیدر) اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 11 آپریشنز میں 17 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 3 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 86.102 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں
کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ کے قریب گاڑی سے 3.6 کلو افیون اور 3 کلو آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
فاروق اعظم کالونی اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 1.2 کلو چرس جبکہ تین میلہ چوک اٹک میں انسٹیٹیوٹ کے نزدیک ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی۔
گلگت کے مین بازار کشروٹ میں پٹرول پمپ کے قریب ملزم سے 335 گرام چرس، لہترار روڈ اسلام آباد میں کالج کے پاس 100 گرام آئس اور اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی کے قریب 2 ملزمان سے 16 گرام آئس برآمد ہوئی۔
گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیاں
اولڈ ایئرپورٹ راولپنڈی میں کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں 1.451 کلو افیون پکڑی گئی۔
فیض پور انٹرچینج شیخوپورہ کے قریب گاڑی سے 20 کلو ہیروئن برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد پر گاڑی سے 33.6 کلو چرس برآمد ہوئی اور 3 ملزمان گرفتار ہوئے۔
اقبال شہید ٹول پلازہ اٹک پر 2 مسافروں کے سامان سے 15.6 کلو افیون جبکہ ناصر جمپ کورنگی کراچی میں ایک گاڑی سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی اور 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔











