واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوبے میں غیر معیاری کارکردگی اورکسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے نجی ٹھیکیداروں کے خلاف غیر معیاری کارکردگی پر کارروائی کی وارننگ دے دی، مریم نواز کا کہنا تھا کہ فنڈز دینے کے باوجود بہترین رزلٹ نہ آنا افسوسناک ہے۔
صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹ دوبارہ کرنے پر غور بھی کیا گیا، ستھرا پنجاب کا جو کنٹریکٹر کام معیاری نہیں کرے گا، اس کی ادائیگی فوری طور پر معطل ہوگی۔
پنجاب حکومت نے پنجاب بھر میں کوڑے دان روزانہ دھونے کی ہدایت دی، ویسٹ انکلوژرکو چاردیواری بناکر بند کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
بعض اضلاع کے چند سرکاری اسپتالوں میں پوری طرح فری میڈیسن نہ ملنے کا سخت نوٹس بھی لیا گیا، وزیراعلیٰ نے پارکنگ ایریاز، بس اسٹینڈز، اڈوں اور تمام پبلک مقامات کی مثالی صفائی کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ اور ممدانی کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات کا احوال سامنے آ گیا
وزیراعلیٰ نے گڈگورننس یقینی بنانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ویجی لینس ٹیمیں بنانے کا حکم بھی جاری کیا، مساجد کے وضو خانے کا پانی شجرکاری کے لئے استعمال کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی۔
پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں صفائی، مین ہول، ڈھکن اور اسٹریٹ لائٹس یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، سرکاری احکامات پر عملد رآمد یقینی نہ بنانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو جرمانہ کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مسلسل غیر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کرنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے، 2وارننگ کے بعد تیسری وارننگ پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہٹا دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ فنڈز دینے کے باوجود بہترین رزلٹ نہ آنا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے امور میں کسی غلطی یا کوتاہی کی ہرگز گنجائش نہیں۔
پنجاب کے ہر شعبے میں نیکسٹ لیول گورننس درکار ہے، ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو پورے اختیارات، فنانس اور اعتماد دیا اب100فیصد رزلٹ چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پنجاب گڈ گورننس میں باقی صوبوں سے بہتر ہے لیکن میں مطمئن نہیں، معیار نیکسٹ لیول کا ہونا چاہیے۔











