جمعه,  21 نومبر 2025ء
راولپنڈی پولیس کی سیکیورٹی، سرچ آپریشنز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ گزشتہ شب اختتام پذیر ہوا، جس کے دوران راولپنڈی پولیس نے بہترین اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، چیف ٹریفک آفیسر اور دیگر افسران نے تمام انتظامات کی براہِ راست نگرانی کی۔ اس موقع پر 5500 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور رہے جبکہ 350 سے زیادہ ٹریفک اہلکاروں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھی۔ سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں اور کھلاڑیوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پوری طرح پرعزم ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز بھی کیے گئے جن میں مجموعی طور پر 1386 گھروں، 954 دکانوں، 27 ہوٹلز اور 2 ہاسٹلز کی چیکنگ شامل تھی، جبکہ 2135 افراد کے کوائف کی بھی تصدیق کی گئی۔ ان کارروائیوں کے دوران 36 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا۔ کرایہ داری اندراج مکمل نہ ہونے پر 25 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ایک شخص کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے پر بھی مقدمہ قائم کیا گیا۔ یہ سرچ آپریشنز نصیر آباد، کینٹ، روات، پیرودھائی، رتہ امرال، گنجمنڈی، سٹی، وارث خان، صادق آباد، چونترہ، کلر سیداں، کہوٹہ، دھمیال، چکری اور دیگر علاقوں میں کیے گئے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات سمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 گرفتار اور 417 کلو منشیات برآمد

ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث چار رکنی بالی گینگ کو تھانہ ٹیکسلا پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے گرفتار کیا۔ گینگ سے 12 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 22 موبائل فونز، ایک لاکھ روپے نقدی اور اسلحہ برآمد ہوا۔ گینگ نے دورانِ تفتیش 25 سے زائد وارداتوں کا اعتراف بھی کیا۔

اسی طرح ایک قتل کے مقدمے میں عدالت نے ملزم قادر خان کو عمر قید اور 4 لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا سنائی۔ یہ مقدمہ 2020 میں تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا تھا۔ اقدامِ قتل اور ضرر کے ایک اور کیس میں عدالت نے ملزم بالاج خان کو سات سال قید، پچاس ہزار روپے جرمانہ اور ایک لاکھ پچاس ہزار روپے ضمان کی سزا سنائی۔ یہ مقدمہ 2023 میں تھانہ رتہ امرال میں درج ہوا تھا۔

گوجر خان پولیس نے شراب سپلائرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا اور ان سے 500 سے زائد بوتلیں شراب برآمد کیں۔ اسی طرح مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک کلو 600 گرام چرس اور 50 لیٹر سے زائد شراب برآمد کی اور پانچ افراد کو گرفتار کیا۔

اس کے علاوہ ناجائز اسلحہ رکھنے والے چار افراد کو بنی، گنجمنڈی، مندرہ اور کہوٹہ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں