جمعرات,  20 نومبر 2025ء
حکومت نے اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کے نام پر اعتراض کردیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی تجویز کردہ محمود خان اچکزئی کے نام پراعتراض کرتے ہوئے چیف وہپ عامر ڈوگر کو خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈرکے لیے محمود خان اچکزئی کا نام فائنل کیا ہوا ہے اوراس پر قائم رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

عامر ڈوگر نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے بعد خط کا جواب دیا جائے گا تاہم اپوزیشن لیڈرکے لئے محمود خان اچکزئی کا نام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے اپوزیشن لیڈر کی نشست خالی ہے اوراس دوران 27 ویں آئینی ترمیم بھی منظور کرائی گئی۔

عامر ڈوگر نے واضح کیا کہ محمود خان اچکزئی آئینی طور پر قومی اسمبلی کے رکن ہیں اورانکے نام پراعتراض کا کوئی جواز نہیں، یہ پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے اورحکومت کو اس معاملے میں تاخیرنہیں کرنی چاہیے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے تیار ہی نہیں ، رانا ثناء اللہ

انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف سے مشاورت کے بعد نام دیا گیا ہے اوراب دوبارہ مشاورت کی ضرورت نہیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے خط کا جواب جلد دیا جائے گا، جس سے اپوزیشن لیڈرکے انتخاب کے معاملے میں حتمی کارروائی مکمل ہوگی۔

مزید خبریں