جمعرات,  20 نومبر 2025ء
پاکستان میں غیر ملکی خاتون کی شراب خریداری کی ویڈیو پر عوامی ردِعمل، حکومت پر سخت تنقید

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک غیر ملکی خاتون کو پاکستان میں شراب خریدتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں خاتون طنزیہ انداز میں یہ کہتے ہوئے نظر آتی ہے کہ وہ حیران ہے کہ ایک اسلامی ملک میں اس طرح کھلے عام الکوحل کی فروخت کیسے ممکن ہے۔ ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور بڑی تعداد نے حکومت اور متعلقہ اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ملک کے قوانین واضح ہیں، اس کے باوجود شراب کی ایسی دستیابی نہ صرف سوالات اٹھاتی ہے بلکہ پاکستان کی اسلامی شناخت پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ کئی شہریوں نے یہ بھی کہا کہ اگر غیر ملکیوں کو مخصوص اجازت ناموں کے تحت خریداری کی اجازت ہے تب بھی اس طرح کی کھلی فروخت اور اس کی ویڈیو بننا انتظامی کمزوری اور نگرانی کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔ عوامی ردِعمل میں یہ مطالبہ بھی شامل ہے کہ حکومت فوری طور پر اس واقعے کی تحقیقات کرے، ذمہ داروں کا تعین کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ شراب کی فروخت کے حوالے سے ملکی قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہو۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں، منشیات، اسلحہ، آتش بازی اور شراب برآمد، متعدد گرفتار

اس واقعے نے معاشرتی اور مذہبی حساسیت کے تناظر میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا متعلقہ ادارے اپنے فرائض صحیح طریقے سے انجام دے رہے ہیں اور مستقبل میں ایسے معاملات کے سدباب کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں