پیر,  17 نومبر 2025ء
راولپنڈی: کرکٹ میچ کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کو مسلح شخص کی سنگین دھمکیاں، پولیس نے گرفتار کرلیا

راولپنڈی(سعد عباسی) کرکٹ میچ کی سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران ایک سنگین واقعہ پیش آیا جہاں سیکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر روکے گئے کار سوار نامعلوم شخص نے پولیس اہلکاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور 9 ملی میٹر پسٹل تان لیا۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے میچ سیکیورٹی زون میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک کار سوار شخص کو چیکنگ کے لیے روکا۔ اہلکاروں کے مطابق کار سوار نے پہلے سخت دھمکیاں دیں، تاہم پولیس نے انتہائی تحمل اور احترام کے ساتھ اسے سمجھانے کی کوشش کی۔

اسی دوران کار سوار شخص اچانک مشتعل ہوگیا اور گاڑی سے 9MM پسٹل نکال کر سیکیورٹی اہلکاروں پر تان دیا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
اہلکاروں نے موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے مشتبہ شخص کو فوری طور پر گھیر لیا اور اعلیٰ پولیس حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔

اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مسلح شخص کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن، 76 غیر قانونی مقیم افغان باشندے گرفتار

عوامی حلقوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں کو معمولی بات پر روک لیا جاتا ہے جبکہ بااثر افراد کے سامنے اکثر نرمی برتی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور مسلح شخص کے پس منظر، تعلقات اور ارادوں کا جائزہ لیا جائے۔

مزید خبریں