اتوار,  16 نومبر 2025ء
اسلام آباد میں اسپورٹس گالا 2025 کا شاندار انعقاد — سید ذیشان علی نقوی کی خصوصی شرکت

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — AIMS School & College میں اسپورٹس گالا 2025 بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پریزیڈنٹ پاکستان کونسل فار ٹریڈیشن اسپورٹس اینڈ گیمز سید ذیشان علی نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام ادارے کے سی ای او امتیاز علی رضوی نے کیا۔

تقریب کا آغاز مشعل جلا کر مہمانِ خصوصی سید ذیشان نقوی نے کیا، جس کے بعد طلبہ نے مختلف کھیلوں میں بھرپور جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ مقابلوں میں پٹھو گرم، بنٹے، فٹبال، رسی کشی، دوڑ اور ٹریڈیشن اسپورٹس شامل تھیں، جبکہ گروپ پریڈ کا شاندار مظاہرہ تقریب کا مرکزی حسن ثابت ہوا۔ اسپورٹس گراؤنڈ “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونجتا رہا۔

اپنے خطاب میں سید ذیشان نقوی نے کہا کہ AIMS School & College کا ماحول قابلِ تعریف ہے۔
انہوں نے کہا:

“آج یہاں آکر بہت خوشی ہوئی۔ بچوں سے مل کر اور ادارے کی سرگرمیاں دیکھ کر دل خوش ہوگیا ہے۔ یہاں تقریباً ساڑھے چار سو بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اور اس قدر منظم سیٹ اپ واقعی قابلِ تعریف ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ نہ صرف تعلیمی میدان میں نمایاں ہے بلکہ کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں کی شخصیت نکھارنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی بچے ملک کا مستقبل ہیں اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مقصد بھی نوجوانوں کو ترقی کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔

سی ای او امتیاز علی رضوی نے سید ذیشان نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد نے بچوں کے حوصلے بلند کیے اور تقریب کی اہمیت دوچند ہوگئی۔

اختتامی سیشن میں سید ذیشان نقوی نے اسکول کی عمارت، کلاس رومز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا، طلبہ سے ملاقات کی اور انتظامات کو سراہا۔ بعد ازاں ممتاز کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں میڈلز، شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں