اتوار,  16 نومبر 2025ء
اسلام آباد پولیس کا ’ہوٹل آئی‘ سافٹ ویئر مکمل طور پر فعال، ایک ہفتے میں 25 ہزار سے زائد افراد کا اندراج، 11 مطلوب افراد گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سیف سٹی اسلام آباد کی جانب سے شہر میں سکیورٹی اور نگرانی کے جدید نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے استعمال ہونے والا ’ہوٹل آئی‘ سافٹ ویئر مکمل طور پر آپریشنل اور فعال انداز میں کام کر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران دارالحکومت کے مختلف ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور شیلٹر ہومز میں 25 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا اس نظام کے ذریعے رجسٹر کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اندراج شدہ کوائف کی تفصیلی سکرونٹی کے دوران 11 انتہائی مطلوب افراد کی نشاندہی ہوئی، جنہیں فوری طور پر گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں کے حوالے کیا گیا، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی جی سیف سٹی اسلام آباد محمد ہارون جوئیہ نے بتایا کہ تمام تھانہ جات کو ’ہوٹل آئی‘ سافٹ ویئر کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، جو ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں قیام پذیر افراد کی شناخت اور ڈیٹا کے ریکارڈ میں انتہائی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام نہ صرف باہری افراد کے کوائف کے اندراج میں کارآمد ہے بلکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کی نشاندہی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، ریڈ زون، اہم عوامی مقامات اور مارکیٹوں کی نگرانی سیف سٹی کے جدید کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ خصوصی چیک پوسٹس بھی بہتر مانیٹرنگ کے لیے قائم کی گئی ہیں۔ شہر کی فضائی نگرانی جدید ڈرونز کے ذریعے بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

ڈی جی سیف سٹی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

مزید خبریں