اتوار,  16 نومبر 2025ء
بھارتی کپتان شبھمن گل ہسپتال داخل، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سے بھی باہر

کولکتہ(روشن پاکستان نیوز) بھارت کے کپتان شبھمن گل گردن میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے۔

ہفتے کو کولکتہ میں ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے روز چوکا لگانے کے فوراً بعد شبھمن گل نے گردن میں درد محسوس کیا اور میدان چھوڑ دیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے مطابق دن کے اختتام پر انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ اس وقت زیرِ مشاہدہ ہیں۔

مزید پڑھیں: رضوان نے خود کپتانی چھوڑی، ان کے ہی مشورے سے ٹیم کی قیادت سنبھالی: شاہین آفریدی

بورڈ نے کہا کہ شبھمن گل آئندہ میچ میں شرکت کے لیے بھی غیر یقینی کا شکار ہیں اور ان کی صحت کا جائزہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم مسلسل کر رہی ہے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار کو تیسرے دن ہی ختم ہونے کے قریب ہے، جب جنوبی افریقہ اپنی دوسری اننگز 93 رنز سات کھلاڑی آؤٹ کے اسکور سے دوبارہ شروع کرے گا۔ میزبان ٹیم کو مشکل وکٹ پر محض 63 رنز کی برتری حاصل ہے۔

شبھمن گل کی قیادت میں دوسرا ٹیسٹ 22 نومبر سے گوہاٹی میں شروع ہونا ہے، تاہم گردن کی تکلیف کے باعث ان کی دستیابی اب ایک بڑا سوال بن گئی ہے۔

مزید خبریں