مری(سعد عباسی) تھانہ پتریاٹہ پولیس نے ڈی پی او مری آصف امین اعوان کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ظفر سعید ستی قتل کیس میں اہم پیش رفت کی ہے۔ ایس ڈی پی او مری زمان علی کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ پتریاٹہ ملک غلام اصغر، انسپکٹر محمد حیات (ایچ آئی یو سرکل مری) اور ٹیم نے کامیاب کارروائی کے دوران قتل کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار مرکزی ملزم غلام مصطفیٰ ولد سراج سکنہ طارق آباد (ضلع منڈی بہاؤالدین) نے دورانِ تفتیش اہم انکشافات کیے جن کی بنیاد پر اس کے قبضے سے 30 بور پستول، جو آلۂ قتل کے طور پر استعمال ہوا، برآمد کر لیا گیا۔
مزید دو ملزمان — امجد علی ولد شیر محمد اور توثیق حیدر ولد ساجد علی، سکنائے ڈھل تحصیل و ضلع مری — کو بھی حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ دونوں افراد مقتول کے ساتھ جھگڑے میں شامل تھے، جس دوران غلام مصطفیٰ کی فائرنگ سے ظفر سعید ستی جاں بحق ہوا۔
مزید پڑھیں: علیمہ خان کے دسویں مرتبہ وارنٹ جاری، عدالت کا گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم
تھانہ پتریاٹہ پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کیا۔ ایس ڈی پی او مری زمان علی نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔











