ریاض (وقار نسیم وامق) سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب کے باہمی اشتراک سے دارالحکومت ریاض میں میٹ اینڈ گریٹ نیٹ ورکنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں افرادی قوت کو برآمد کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کے پرموٹرز سمیت سعودی اداروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک تھی جبکہ پاکستانی سفیر اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے افسران بھی شریک ہوئے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ میٹ اینڈ گریٹ ورکنگ سیشن کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین سکل ڈویلپمنٹ پروگرام رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چھٹہ نے کہا کہ پنجاب کے لاکھوں نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی،کنسٹرکشن، ہاسپٹلٹی سمیت دیگر شعبوں میں ہنر مند بنانے سمیت انہیں کاروباری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے اور یہی نوجوان سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں اپنی صلاحیتوں کو منوا رہے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں گیارہ سو ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز لاکھوں نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں جو سعودی ورک فورس کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
پاکستانی سفیر احمد فاروق کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور محنت کش ہیں ہماری کوشش یے کہ سعودی لیبر مارکیٹ کے مطابق نوجوانوں کو نا صرف ہنر مند بنایا جائے بلکہ بیرون ممالک کے تقاضوں کے مطابق انکی تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ بہتر انداز سے اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں اور سعودی عرب بھی ڈویلپمنٹ کے منصوبوں سمیت دیگر شعبہ جات میں پاکستانی افرادی قوت سے بہتر انداز سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔
ورکنگ سیشن میں سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی صاعد عزیز، ڈائریکٹر جنرل آپریشن ٹیوٹا عامر عزیز، نادیہ علی، احمد خان، اذکا منیر سمیت پروموٹرز نے حکومت پنجاب کے وژن کو اجاگر کیا اور کہا کہ سعودی عرب لیبر فورس کے لیے ایک وسیع مارکیٹ ہے جس میں لاکھوں پاکستانی کام کر رہے ہیں جبکہ سالانہ لاکھوں افراد سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں جس سے پاکستانی معیشت پر مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں۔











