اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابراعظم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ فارم میں نہ ہونے کے باعث بابراعظم 2019 کے بعد پہلی بار ٹاپ فائیو سے باہر ہوگئے ہیں۔
نئی رینکنگز کے مطابق بابراعظم ساتویں نمبر پر آگئے ہیں، اپریل 2021 میں بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر عالمی نمبر ون پوزیشن حاصل کی تھی، اور وہ پاکستان کے چوتھے بیٹر بنے تھے جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
مزید پڑھیں: بابراعظم آؤٹ آف فارم نہیں، امید ہے آنے والی سیریز میں رنز کریں گے: ہیڈ کوچ قومی ٹیم
اس سے قبل یہ کارنامہ ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف انجام دے چکے ہیں۔ بابراعظم نے 29 ماہ تک یعنی دو سال سے زیادہ عرصہ تک نمبر ون پوزیشن سنبھالے رکھی، یہ دور ون ڈے کرکٹ میں ان کے عروج کا سنہری زمانہ سمجھا جاتا ہے۔
تاہم حالیہ عرصے میں ان کی کارکردگی میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔بابراعظم کا اوسط اب بھی 50 کے قریب ہے، مگر فارم میں کمی نے ان کے اعتماد کو واضح طور پر متاثر کیا ہے۔











