اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کچہری میں ہونے والے خودکش دھماکے پر عالمی برادری نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی سخت مذمت کی ہے۔
حملے میں 12 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے اور واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہییں۔
اسی طرح امریکی سفارت خانے نے بھی دھماکے پر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ امریکا کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جدوجہد میں اس کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی رکھتا ہے، امریکا پاکستان کی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: خودکش حملہ: اسلام آباد بار کونسل کا 3 روزہ سوگ کا اعلان
چینی سفارت خانے نے بھی خودکش حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
یورپی یونین نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
روسی سفارت خانے نے اسلام آباد دھماکے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس حملے کے منصوبہ سازوں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ روسی سفارت خانے نے متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی شہری پاکستان کے متعلق سفری ہدایات پر عمل کریں۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر بن سعید المالکی نے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں جان نقصان ہوا اور متعدد افراد زخمی ہوئے، ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں اور اس افسوسناک واقعے پر پاکستان کے عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ترکیہ نے اس واقعے کو پاکستان کے لیے ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
فرانس اور نیدر لینڈ نے بھی اسلام آباد خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستانی حکومت اور عوام سے اظہار تعزیت کی ہے۔
اس کے علاوہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے بھی اسلام آباد خود کش حملے پر پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے اور دھماکے کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمیشن نے عوام کے تحفظ کے لیے سرگرم اداروں اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
قطر نے بھی اسلام آباد میں خود کش حملے اور وانا میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قطر ہر قسم کے تشدد اور دہشتگردی کو سختی سے مسترد کرتا ہے، متاثرین کے اہلِ خانہ، حکومت اور عوام سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔
کینیڈا نے بھی حملے کی مذمت کی اور متاثرین کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔











